Apse hum ko muhabbat bhi to ho sakti hai by Fakhira Batool



آپ سے ہمکو محبت بھی تو ہو سکتی ہے

آپ سے ہمکو محبت بھی تو ہو سکتی ہے

یہ نظر، نظرِ عنایت بھی تو ہو سکتی ہے

 

کیا ضروری ہے کہ ہر شخص ہی جُھوٹا نکلے

اُس کی باتوں میں صداقت بھی تو ہو سکتی ہے

 

بے نیازی کا یہ انداز، یہ بیزار روش

بُھول جانے کی ریاضت بھی تو ہو سکتی ہے

 

ساتھ چلنے کا ہنر آتا ہے ، چلتے ہی نہیں

یہ زمانے کی روایت بھی تو ہو سکتی ہے

 

اِتنا دشوار نہیں ملنا ، ہمیں ملنے کی

کوئی آسان سی صورت بھی تو ہو سکتی ہے

 

دُوریوں کا یہ جو صحرا ہے بہت خوب مگر

وقت کے ساتھ یہ عادت بھی تو ہو سکتی ہے

 

بےرُخی کا یونہی الزام لگایا  تُو  نے

غور سے دیکھ یہ حیرت بھی تو ہو سکتی ہے

 

جس کے ہونٹوں پہ ہے سناٹا، کبھی غور تو کر

اُس کی آنکھوں میں شکایت بھی تو ہو سکتی ہے

 

یہ غزل دل کی حکایت ہے، جُنوں بھی ہے مگر

یہ غزل میری شرارت بھی تو ہو سکتی ہے

 

تُو نے سمجھا کہ عیادت کو وہ آیا ہے بتول

یہ ملاقات کی نیت بھی تو ہو سکتی ہے

*

(فاخرہ بتول )


Comments

Popular posts from this blog

Mjhe tum yaad aati ho by m.a shaheer

Chalo Kuch Dair Chalty Hain. چلو کچھ دیر چلتے ہیں

Alao me dhamal kar raha ho me by Ali Zaryoun